اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کیا اور انہیں ورکشاپ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ورکشاپ میں پارلیمنٹیرینز کے ساتھ ساتھ سینئر سول و ملٹری افسران بھی شریک تھے، جبکہ تعلیمی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے بھی اس اہم اجلاس میں شرکت کی۔ شرکا نے ملکی سکیورٹی امور سے متعلق جدید مباحث میں حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے شرکا کی قومی سلامتی کے موضوعات پر گہری دلچسپی، سنجیدگی اور مسلسل سیکھنے کے عمل کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامز ملک کو درپیش چیلنجز کے بارے میں آگاہی اور فہم کو مضبوط کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ مکالمے اور بین الادارہ رابطوں کو فروغ دینے والے اہم ترین قومی پلیٹ فارمز میں سے ہے، جو قومی سلامتی سے متعلق حکمتِ عملی کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور موجودہ سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے باخبر قیادت، قومی یکجہتی اور مربوط پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط قومی سلامتی کے لیے اجتماعی دانش اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے ورکشاپ مکمل کرنے والے شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔