کولمبو: سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث ہونے والی طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 123 تک پہنچ گئی ہے۔
سری لنکا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شدید موسمی صورتحال کے دوران اب تک 130 افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے بڑی سطح پر ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر اموات لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہوئیں۔ شمالی اور مشرقی علاقوں میں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے کئی پہاڑی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کا باعث بنی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طوفان اور سیلاب نے ملک بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد کو براہِ راست متاثر کیا، جنہیں مختلف اسکولوں، کمیونٹی ہالز اور دیگر سرکاری عمارتوں میں عارضی شیلٹر فراہم کیا گیا ہے۔
سری لنکن محکمہ آبپاشی کے مطابق مشرقی اور جنوبی علاقے پہلے ہی سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں اور وہاں مزید سیلاب کے امکانات موجود ہیں، جبکہ دارالحکومت کولمبو بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی زد میں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کئی متاثرہ افراد گھروں کی چھتوں پر پناہ لیے ہوئے تھے، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹرز اور خصوصی ریسکیو ٹیموں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔