مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے وفاقی حکومت نے ریلیف فراہم کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اتوار کے روز جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 79 پیسے تک کمی کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 79 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 279 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ ہوں گی اور اگلے 15 روز تک برقرار رہیں گی۔
اس سے قبل امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ عالمی سپلائی میں بہتری اور کویت کی الزور ریفائنری کے یونٹس دوبارہ فعال ہونے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے، جو اب سرکاری اعلان کی صورت میں سامنے آگئی ہے۔
