اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے 77 سالہ سفارتی تعلقات کو ایک جامع اور مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ پاکستان اور مصر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعمیرات، زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے وسیع مواقع رکھتے ہیں، جن سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران مصری وزیر خارجہ نے صدر آصف علی زرداری کو صدر عبدالفتاح السیسی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے نئے راستوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے مزید امور پر بات چیت کی گئی۔