اسلام آباد: صدرِ مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منگل کے روز طلب کر لیا ہے، جسے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ سے متعلق اہم بل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے حقوق کمیشن کا بل اور پاکستان اینیمل کونسل کا بل بھی پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ مشترکہ اجلاس تقریباً 9 ماہ کے وقفے کے بعد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کریں گے، جبکہ اجلاس میں دیگر اہم قانون سازی اور قومی امور پر گفتگو متوقع ہے۔