کراچی: نیپا فلائی اوور کے قریب کمسن بچے کے کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد حالات اُس وقت مزید کشیدہ ہوگئے جب ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار موقع پر پہنچے تو موجود شہری شدید مشتعل ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق شہریوں نے ڈاکٹر فاروق ستار کو گاڑی سے اترنے کی اجازت نہیں دی، نتیجتاً وہ گاڑی سے باہر آئے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔
حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں بچے کے گرنے کا سانحہ انتہائی دُکھ اور افسوس کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹی ہوئی سڑکیں، کھلے گٹر اور ناقص انتظامیہ شہر کے مسائل اور حکومتی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ پہلا نہیں، متعدد بچے پہلے بھی کھلے مین ہولز کا نشانہ بنتے رہے ہیں، مگر حکومتی اداروں کی نظر میں صورتحال بدستور ’’سب اچھا‘‘ نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال کے نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم ولد نبیل کھلے مین ہول میں گر گیا تھا۔ حادثہ رات تقریباً 11 بجے پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی تلاش شروع کی مگر محدود مشینری کے باعث کامیابی نہ مل سکی۔
ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روکے جانے کے بعد علاقے کے رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ بچہ اپنی فیملی کے ساتھ قریبی ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں شاپنگ کے لیے آیا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔