انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے کی درخواست منظور کر لی۔ درخواست علیمہ خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج پر علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کے ساتھ شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پراسیکیوٹر نے کہا پراسیکیوشن نے زبانی یا تحریری طور پر اکاؤنٹ فریز کرنے کی درخواست نہیں دی۔ شوکت خانم اسپتال یا نمل کے اکاؤنٹ فریز کرنے کا عدالتی حکم بھی موجود نہیں۔ اسٹیٹ بینک کو علیمہ خان کے شناختی کارڈ نمبر کے متبادل یہ اکاؤنٹ سامنے آئے جو فریز ہوئے۔
پراسیکیوشن کو اسپتال اور یونیورسٹی کے اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ خان کے پرسنل اور کاروباری اکاؤنٹ ڈی فریز نہ کیے جائیں۔ عدالت نے شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے کی درخواست منظور کر لی۔