لاہور میں ایئر کوالٹی مزید بگڑنے کے بعد پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے نافذ ہنگامی اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی اور کمزور ہواؤں کے باعث شہر میں آلودگی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر کوالٹی میں بہتری کے لیے اینٹی اسموگ فیلڈ فورس کو اضافی نفری کے ساتھ فوری کارروائی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ ماحولیات نے صنعتی علاقوں میں رات گئے تک انسپیکشن کا عمل تیز کر دیا ہے، اور دھواں خارج کرنے والی متعدد فیکٹریوں کو سیل بھی کیا جا چکا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق شمال مغربی صنعتی بیلٹ سے آلودگی کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے ایک خصوصی کوآرڈینیشن سیل فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے رش آورز کے دوران اسموگ کنٹرول کے لیے خصوصی ڈپلائمنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔