لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر میں ون ڈش کی پابندی اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ شادیوں اور تقریبات میں ون ڈش کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید ہدایت کی کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بلند آواز میوزک چلانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ علاوہ ازیں فارم ہاؤس اور گراؤنڈز میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ رہائشی اور عوامی علاقوں میں شور کی صورتحال کو مؤثر طور پر کنٹرول کیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی اصولی فیصلہ کیا گیا کہ فارم ہاؤس اور گراؤنڈز میں ہونے والی تقریبات میں ون ڈش کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، جبکہ میرج ہالز میں طے شدہ اوقات کار کی پابندی کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ تقاریب کے اوقات اور شور سے متعلق قوانین موثر طور پر نافذ رہیں۔