بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ روسی شہریوں کے لیے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا جاری کیا جائے گا۔ یہ اعلان نئی دہلی میں منعقد ہونے والے بھارت روس سالانہ سربراہی اجلاس کے موقع پر کیا گیا، جس میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی براہِ راست شرکت کی۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم مودی نے بتایا کہ جلد ہی روسی شہریوں کے لیے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا کے ساتھ ساتھ 30 روزہ گروپ ٹورسٹ ویزا بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔
رپورٹس کے مطابق روسی صدر پیوٹن کے بھارت کے دورے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات میں دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر بھارت نے روس سے مزید ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ روسی ساختہ ایس یو 30 جنگی طیاروں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
اس وقت بھارت اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 68 ارب ڈالر ہے، تاہم بھارت نے 2030 تک اس حجم کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔