مسجدِ نبوی میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ادارۂ امورِ حرمین شریفین کے مطابق مرد زائرین رات دو بجے سے فجر تک اور پھر دن گیارہ بجے سے نمازِ عشاء تک زیارت کر سکیں گے، تاکہ ہجوم کو منظم رکھا جا سکے اور عبادت گزاروں کو زیادہ سہولت فراہم ہو۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ خواتین کے لیے زیارت کا وقت فجر کے بعد سے دن گیارہ بجے تک رکھا گیا ہے جبکہ عشاء کی نماز کے بعد رات دو بجے تک خواتین کو زیارت اور نوافل کی اجازت ہوگی۔
ادارۂ امورِ حرمین کے مطابق جمعہ کے روز مرد زائرین نمازِ جمعہ کے فوراً بعد سے نمازِ عشاء تک روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کر سکیں گے جبکہ خواتین کے لیے جمعہ کے دن فجر کے بعد سے صبح نو بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ ادارے نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں تاکہ انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔