بنگلہ دیش کے امور خارجہ کے مشیر محمد توحید حسین نے کہا ہے کہ تزویراتی طور پر ڈھاکہ کے لیے ممکن ہے کہ وہ انڈیا کے بغیر پاکستان کے ساتھ کسی علاقائی گروپ میں شامل ہو جائے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بدھ کو ڈھاکہ میں صحافی کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے (بنگلہ دیش) کے لیے تزویراتی طور پر ممکن ہے … (لیکن ایسا) نیپال یا بھوٹان کے لیے انڈیا کو چھوڑ کر پاکستان کے ساتھ گروپ بنانا ممکن نہیں ہے۔‘
بنگلہ دیشی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ توحید حسین نے کہا کہ مسٹر (اسحٰق) ڈار نے ’کچھ کہا ہے اور شاید کسی وقت اس میں کچھ پیش رفت ہو سکتی ہے۔‘
رواں سال اگست میں وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار نے 13 برس بعد پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا، جسے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی گرمجوشی کی بحالی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے بھی حالیہ مہینوں میں چند خوشگوار ملاقاتیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ سال اگست میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسلام آباد اور ڈھاکہ کے تعلقات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ سابق بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم کو پناہ دینے کے باعث نئی دہلی کے ساتھ ڈھاکہ کا فاصلہ بڑھا ہے، جس کا خطے کی سفارتی حرکیات پر نمایاں اثر پڑ رہا ہے۔