لاہور میں محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے تعاون سے کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ ایپ لانچ کر دی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی رجسٹریشن خدمات آن لائن فراہم کرنا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا اندراج آن لائن ممکن ہو سکے گا، جس سے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ شہری گھر بیٹھے ای رجسٹریشن کی سہولت حاصل کر سکیں گے، جبکہ نادرا کے ڈیٹا سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے اندراج خودکار طور پر نادرا ریکارڈ میں بھی شامل ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ بلدیات اور نادرا کے درمیان ای رجسٹریشن کے حوالے سے باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت شادی، اموات، پیدائش اور طلاق کے اندراج سے درست اور مستند ڈیٹا جمع کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدید نظام پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک نافذ کیا جائے گا تاکہ عوام کو یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔