پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث حد نگاہ بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت موٹرویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار، موٹروے ایم 3 فیض پور جنکشن سے جڑانوالہ اور موٹروے ایم 4 شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم 4 گوجرہ سے ملتان اور موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بھی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث ڈرائیونگ کے حالات خطرناک ہو گئے ہیں۔
اسی طرح خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کی صورت میں احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔