وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شہداء کے ورثا کے لیے امدادی رقم میں نمایاں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے اسے 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاک بھارت جنگ کے دوران شہید ہونے والے فورسز اہلکاروں کے ورثا نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکاروں کے لیے دی جانے والی امدادی رقم بھی 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، تاکہ متاثرہ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو بہتر سہولت اور تعاون فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے اہل خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور حکومت ان کے ورثا کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق خیبر پختونخوا کے عوام اور فورسز کی قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی مضبوط ضمانت ہیں۔