وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران مودی سرکار کو ایسا سخت اور ناقابلِ فراموش سبق دیا گیا تھا جسے وہ پوری زندگی یاد رکھیں گے۔
ہری پور میں طالب علموں میں لیپ ٹاپس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے قوم کی دعاؤں اور حمایت کے ساتھ واضح کامیابی حاصل کی، اور بھارت دلی سے ممبئی تک اس شکست کو کبھی بھول نہیں پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بہادر اور غیرتمند عوام کا صوبہ ہے، جہاں کے لوگوں نے دہائیوں تک دہشت گردی کے خلاف مقابلہ کیا۔ اُن کی بے شمار قربانیوں کی بدولت ملک میں امن بحال ہوا، اور پورے صوبے میں مزید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے کیونکہ پاکستان کی ترقی نوجوان نسل سے جڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم معاشی میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ بہتری کسی جادو ٹونے سے نہیں بلکہ مسلسل محنت کے باعث ہے۔ ملک ڈیفالٹ سے محفوظ ہو چکا ہے، معیشت بحران سے نکل کر مستحکم ہو رہی ہے، اور اب اسے مزید ترقی کی سمت لے جانا ہے۔ پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جب تمام صوبے ترقی کریں گے، کیونکہ قومی ترقی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور کے لیے دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ شہر میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔