کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کی سہولت کے لیے وسیع پیمانے پر سحر و افطار کے انتظامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال پانچ لاکھ افراد کے لیے باقاعدہ طور پر سحر و افطار کا اہتمام کیا جائے گا، جو کہ ایک بڑے فلاحی اقدام کی حیثیت رکھتا ہے۔
کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے رمضان کی تیاریوں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف فلاحی سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں ضرورت مند افراد کی مدد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ رمضان المبارک میں 9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ضروری اشیاء بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں ادویات، لیپ ٹاپس، موٹرسائیکلز، راشن بیگز اور سلائی مشینیں شامل ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک عملی ریلیف پہنچایا جا سکے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو مکمل اعتماد ہے کہ ان کی جانب سے دیا جانے والا سامان شفاف طریقے سے اُن مستحق افراد تک پہنچے گا، جو حقیقی طور پر اس مدد کے مستحق ہیں۔