خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی باضابطہ طور پر شروع ہو گئی ہے۔ اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی وزیر مینا آفریدی، شفیع اللہ آفریدی اور دیگر نامزد ملزمان کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، جہاں بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے بعد تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے متعدد بار سمن جاری کیے جانے کے باوجود ملزمان پیش نہ ہوئے، جس پر انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
عدالت اس سے قبل بھی وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر سیاسی شخصیات کے خلاف تھانہ نون میں درج مقدمے میں اشتہاری کارروائی کا آغاز کر چکی ہے، اور دونوں مقدمات میں کارروائی قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہے۔