شدید اور مسلسل بارشوں کے باعث دبئی اور پاکستان کے درمیان فلائٹ آپریشن شدید طور پر متاثر ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے دبئی اور شارجہ جانے والی متعدد پروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے دبئی اور شارجہ کیلئے جانے والی 18 پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں سے 67 پروازوں کی آمد و روانگی میں نمایاں تاخیر دیکھنے میں آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دبئی—کراچی کے درمیان چلنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی 2 پروازیں، فیصل آباد سے دبئی جانے والی 2 پروازیں، لاہور سے دبئی کے لیے 3 پروازیں، پشاور سے دبئی کی 6 پروازیں اور اسلام آباد سے دبئی جانے والی 2 پروازیں بھی خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر آمد و روانگی کی 16 پروازیں، کراچی میں 12 پروازیں اور اسلام آباد میں 21 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جس سے ہزاروں مسافروں کی سفری منصوبہ بندی بری طرح متاثر ہوئی۔
دوسری جانب شدید دھند کے سبب ملتان ایئرپورٹ پر 8 پروازوں کی آمد و روانگی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے، جب کہ سیالکوٹ کی 2، پشاور کی 4 اور اسکردو و کوئٹہ ایئرپورٹس کی 2،2 پروازیں بھی طویل تاخیر کا سامنا کر رہی ہیں۔