ڈیفنس کراچی میں آن لائن فراڈ اسکیموں پر کام کرنے والے گروہوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے، جس کے دوران متعدد غیر ملکیوں سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ مشترکہ کارروائی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور حساس ادارے نے انجام دی۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے اور حساس ادارے نے ڈیفنس فیز 1 کے ایک بنگلے اور فیز 6 میں واقع ایک عمارت پر چھاپے مارے، جہاں مبینہ ملزمان مختلف آن لائن فراڈ اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران 10 سے زائد غیر ملکی شہریوں سمیت کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد براہِ راست دفاتر کے اندر بیٹھ کر آن لائن فراڈ اسکیموں کا کام چلا رہے تھے، جبکہ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں حساس ڈیٹا اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔