جماعت اسلامی نے کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات کے باعث اموات میں خطرناک حد تک اضافے، ای چالان کے موجودہ نظام اور حکومت کے مبینہ غیر سنجیدہ رویے کے خلاف آج شہر کے مختلف اہم مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں، اہم چوراہوں اور بڑے عوامی مقامات پر شام 5 بجے بیک وقت احتجاجی دھرنے شروع کیے جائیں گے، تاکہ شہری مسائل کے حل کے لیے حکومت پر مؤثر دباؤ ڈالا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نورانی کباب ہاؤس چورنگی، شاہراہِ قائدین پر مرکزی دھرنے سے خطاب کریں گے، جہاں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔
دیگر احتجاجی مقامات میں اسٹار گیٹ شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، تبت سینٹر، موسمیات چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن نمبر 5 شامل ہیں، جہاں بھی دھرنے دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے موجودہ نظام کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کراچی میں یہ پہلا بڑا احتجاجی مرحلہ سامنے آ رہا ہے۔