پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور مراکز پر رش کم کرنے کے لیے صوبے کے بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس مراکز کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے تحت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ سمیت بڑے شہروں کے ڈرائیونگ لائسنس مراکز چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے، جبکہ چھوٹے شہروں میں قائم مراکز صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک شہریوں کو خدمات فراہم کریں گے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے لرنر لائسنس کا حصول لازمی ہے، جو آن لائن یا قریبی لائسنس مرکز سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد امیدوار باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنے کے بعد درخواست دہندگان کو فوری طور پر ای-ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جائے گا، جو قانونی طور پر روایتی کارڈ لائسنس کے برابر حیثیت رکھتا ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران درست اور قانونی لائسنس اپنے پاس رکھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اوقات کار میں توسیع سے عوام کو سہولت ملے گی اور مراکز پر رش میں نمایاں کمی آئے گی۔