موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کے لیے پرائیویٹ اسکول کھولنے پر باضابطہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق پابندی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پانچ تحصیلوں میں ڈپٹی ڈی ای اوز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں اپنی اپنی تحصیلوں کا دورہ کریں گی اور صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹس ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو ارسال کریں گی۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تعلیمی ادارے کا لائسنس منسوخ کرنے کا اختیار بھی استعمال کیا جائے گا۔