اسلام آباد: چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب نے کہا ہے کہ کنسورشیم کی خواہش تھی کہ قومی ائیر لائن پی آئی اے کے 100 فیصد حصص خریدے جائیں، تاہم موجودہ نجکاری کے عمل میں کنسورشیم نے اکثریتی حصص حاصل کیے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کنسورشیم میں شامل ہو سکتی ہے، جس سے قومی ائیر لائن کے لیے مزید سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے، جس نے ماضی میں بہت اچھے دن دیکھے ہیں، یہ ایک بہترین ایئر لائن ہے اور اس کے تمام ملازمین اہل، تجربہ کار اور اپنے کام کی مکمل سمجھ رکھتے ہیں۔
عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا ہے اور قومی ائیر لائن میں نیا سرمایہ لگایا جائے گا، اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں پی آئی اے صارفین کو بہتر اور معیاری سروس فراہم کرنے کے قابل ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف نجکاری سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا، سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ پی آئی اے کو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لیے بھرپور محنت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیرس اور نیویارک میں واقع پی آئی اے کے ہوٹلز کو نجکاری کے اس عمل میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔