اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت کی جانب سے چھوڑے گئے کھنڈرات پر اب باقاعدہ طور پر تعمیر کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ملک بتدریج بہتری کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اب اہم قومی اور بین الاقوامی معاملات میں پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، اور ملک عزت اور وقار کے ساتھ 2026 میں داخل ہونے جا رہا ہے، جو موجودہ پالیسیوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ پچھلی حکومت جو کھنڈرات چھوڑ کر گئی تھی، اب انہی بنیادوں پر ترقی اور استحکام کی عمارت کھڑی ہونا شروع ہو چکی ہے، جس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
ادھر وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سفارتی سطح اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان کے بارے میں جن الفاظ کا اظہار کیا گیا، وہ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے اور عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کی علامت ہے۔
اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے بھی کہا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک خوشخبری ہے کہ موجودہ پالیسیوں اور آرمی چیف کی قیادت کے باعث دنیا میں پاکستان کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جو ملک کے مثبت تشخص کو ظاہر کرتی ہے۔