نئے سال کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو ایک بڑا ریلیف مل سکتا ہے اور اسے حکومت کی جانب سے نئے سال کا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 10 روپے 60 پیسے تک کمی کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز زیر غور ہے، جس سے صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو کم آمدنی والے طبقے کے لیے اہم ریلیف ثابت ہو سکتا ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس سے زرعی اور دیگر شعبوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کے اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کل اپنا ورکنگ پیپر حکومت کو ارسال کرے گی، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔