چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحت کی سہولتوں کے میدان میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ہدف صرف صوبائی سطح تک محدود نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے ہے، اور اسی وژن کے تحت صحت کے شعبے میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز لاڑکانہ میں بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کامیابی کے ساتھ تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور ان کی محنت کو سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیرپور گمبٹ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا مقابلہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد کے بڑے اسپتال بھی نہیں کر سکتے، اور یہی وجہ ہے کہ صحت کے شعبے میں ہمارا مقابلہ کسی صوبے سے نہیں بلکہ عالمی معیار سے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مستقبل میں اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دینی ہیں اور بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کو اپنا بنیادی اصول بنانا ہے، کیونکہ یہی ایک حقیقی ڈاکٹر کی پہچان ہوتی ہے۔