بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں رہائشی عمارت میں واقع کیمیکل کے گودام میں آتشزدگی سے 70 افراد زندہ جل گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکہ کے تاریخی قدیم علاقے چوک بازار میں ایک رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع کیمیکل کے گودام میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ کیمیکل جلنے سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پھر بڑھتے بڑھتے پڑوسی عمارتوں تک پہنچ گئی۔
بنگلہ دیش کے فائر سروس کے سربراہ علی احمد کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کی وجہ گیس سلنڈر بتائی گئی ہے۔
رہائشی عمارت میں کیمیکل کا گودام واقع ہونے کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق آگ رات ساڑھے گیارہ بجے لگی جب کہ عمارت میں آگ لگنے کے باعث کئی افراد جھلس کر زخمی بھی ہو گئے ہیں۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
عمارت میں ایک شادی کی تقریب بھی جاری تھی جس میں شرکت کے لیے آئے افراد بھی متاثر ہوئے۔
اسپتال ذرائع نے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال لائے گئے افراد میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تین روز قبل بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ کی بندر گاہ کے قریب کچی آبادی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔
چٹا گانگ میں لگنے والی آگ نے 200 سے زائد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پانچ گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا تھا۔