پشاور: پاکستان کے خلاف بیان دینے والے ایک افغان شہری کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی پاکستان مخالف ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔
پولیس کے مطابق افغان شہری شاہ نواز کی جانب سے دیا گیا پاکستان مخالف بیان گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوا تھا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان شہری شاہ نواز کو داؤدزئی کے علاقے میں واقع مہاجر کیمپ خزانہ سے گرفتار کیا گیا، جہاں سے اسے حراست میں لے کر تفتیش کی گئی، دورانِ تفتیش ملزم نے پاکستان مخالف بیان دینے کا اعتراف کیا اور اپنے اقدام پر معافی بھی مانگی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افغان شہری کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد افغانستان ڈی پورٹ کیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے امیگریشن اور متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ تمام قانونی مراحل شفاف طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کی حکومت نے یکم اپریل 2025 سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت اب تک لاکھوں افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے، جبکہ اس عمل کا مقصد ملکی سلامتی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔