سوئٹزرلینڈ کے ایک معروف لگژری اسکی ریزورٹ کے بار میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 40 ہو گئی ہے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئس پولیس نے بتایا ہے کہ کرانس مونٹانا کے لگژری اسکی ریزورٹ میں قائم ایک بار میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے فوراً بعد بار میں آگ بھڑک اٹھی اور حالات انتہائی سنگین ہو گئے۔
سوئس پولیس حکام نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، تاہم ابتدائی طور پر ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی درست تعداد اور دھماکے کی وجوہات کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بعد ازاں اطالوی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ سوئس پولیس کے مطابق بار میں ہونے والے دھماکے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سوئس پولیس کمشنر نے بتایا کہ بار میں آگ لگنے کے باعث تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے متاثرین میں بعض غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، تاہم اس واقعے کو کسی قسم کا حملہ تصور نہیں کیا جا رہا اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک بج کر 30 منٹ پر سیاحت کے لیے مشہور اسکی ریزورٹ میں زور دار دھماکہ ہوا، جبکہ اس وقت بڑی تعداد میں افراد نیو ایئر نائٹ کی تقریبات کے سلسلے میں بار میں موجود تھے۔