وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی میں شامل متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے امور سے متعلق منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کو قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے اور معیشت پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیل اور گیس کی مکمل سپلائی چین کو درآمد کے مرحلے سے لے کر صارفین تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کیا جائے، تاکہ نظام میں شفافیت پیدا ہو اور مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی ترسیل سے متعلق سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور ریاستی آمدن میں اضافہ ہو سکے گا۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے بتایا کہ ضلع کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں، جبکہ ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق اس کنویں سے یومیہ 4100 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق تیل کے ساتھ ساتھ اسی کنویں سے یومیہ 10 اعشاریہ 5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس بھی حاصل ہو گی، جو توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ تیل و گیس کی اس دریافت کے لیے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک کھدائی کی گئی، جبکہ اس منصوبے میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور حکومتی ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شراکت دار ہیں۔