برطانیہ میں شدید سردی اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے امبر اور ییلو وارننگز نافذ کر دی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آئندہ دنوں میں سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پورے برطانیہ میں سردی کی لہر جاری ہے، جس کی شدت کے باعث امبر کولڈ ہیلتھ الرٹ نافذ کیا گیا ہے، تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا سکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں شدید برفباری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جہاں کئی علاقوں میں 40 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے اور ریل و فضائی سروسز میں تاخیر یا منسوخی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی سختی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ میں خراب موسمی صورتحال کے باعث پولیس نے بھی عوام کو اپنا سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں برفباری اور جماؤ کے خدشے کے باعث ییلو وارننگ برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔