امریکا میں اپنی نوعیت کا ایک حیران کن اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک چور اسٹور سے چوری کی گئی قیمتی اشیا چند دن بعد خود ہی مالک کو واپس کر گیا اور ساتھ تحریری معافی نامہ بھی چھوڑ گیا، جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک پرانے گٹار کے اسٹور میں ہونے والی یہ عجیب و غریب چوری ایک غیر متوقع اور خوشگوار انجام تک پہنچی، جس نے اس واقعے کو عام جرائم سے بالکل مختلف بنا دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک چور نے چند دن قبل اسٹور سے دو منڈولن، جو چھوٹے گٹار ہوتے ہیں، چرا لیے تھے، تاہم چند روز بعد وہی چور حیران کن طور پر یہ دونوں آلات واپس اسٹور کے مالک کو لوٹا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ چور نے یہ واردات نشے کی حالت میں انجام دی تھی، تاہم بعد میں ہوش میں آنے پر اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے چوری شدہ اشیا واپس کرنے کا فیصلہ کیا۔
میوزک اسٹور کی جانب سے فیس بک پر جاری کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دنوں چوری ہونے والے دونوں منڈولن واپس مل گئے ہیں، جن کے ساتھ ایک معافی نامہ بھی موصول ہوا، جس میں لکھا تھا کہ مجھے معاف کرنا، میں نشے میں تھا، میری کرسمس، آپ ایک اچھے آدمی ہیں۔
فیس بک پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ چور خاموشی سے اسٹور کا سامنے والا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا تھا اور دونوں گٹار شاپنگ بیگز میں رکھ کر وہاں سے چلا گیا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسٹور کے مالک، جو سن 1981 سے یہ کاروبار چلا رہے ہیں، نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی حیران کن واقعہ ہے اور انہیں اب تک یقین نہیں آ رہا، یہ سب کسی عجیب فلم کی طرح محسوس ہوتا ہے جس کا اختتام غیر متوقع طور پر خوشگوار ہو گیا۔
اسٹور کے مالک نے بتایا کہ چوری کیے گئے دونوں آلات کی قیمت بالترتیب 3 ہزار 500 ڈالر اور 4 ہزار 250 ڈالر تھی، جو ایک بڑی رقم بنتی ہے۔