کراچی ایک بڑی تباہی سے بچ گیا، جہاں سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا، جس سے ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق بلدیہ رئیس گوٹھ کے علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران چار ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا، جو شہر میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
سکیورٹی حکام نے کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھرے گیس سلینڈرز اور ایک منی ٹرک بھی تحویل میں لے لیا، جو مبینہ طور پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں استعمال ہونا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی زیر حراست دہشت گردوں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی، جنہوں نے تفتیش کے دوران اہم معلومات فراہم کیں، جس کے نتیجے میں سکیورٹی ادارے بروقت کارروائی کرنے میں کامیاب رہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کا منصوبہ تھا کہ دھماکا خیز مواد سے بھرے ٹرک کو آئی آئی چندریگر روڈ تک لے جا کر وہاں ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی کی جائے، جس سے شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل سکتا تھا۔
سکیورٹی حکام نے بتایا کہ برآمد کیے گئے بارودی مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔ دھماکا خیز مواد کو ڈرموں میں بھر کر شہر منتقل کیا گیا تھا، جن میں مجموعی طور پر 60 ڈرم اور 5 گیس سلینڈرز شامل تھے، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔