بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں 31 جنوری تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت اور چار سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا ریلیوں پر بھی پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر چہرے چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس کے علاوہ صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں، تاکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔