اسلام آباد: بلوچستان میں ریلوے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا اہم منصوبہ رواں سال اپریل میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس سے صوبے میں سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ ریلوے منصوبہ ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے سبی تک پھیلا ہوا ہے، جس کی مجموعی لمبائی تقریباً چھ سو کلومیٹر بنتی ہے۔ منصوبے کے تحت موجودہ ریلوے ٹریک کو جدید معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ ٹرینوں کی رفتار، سکیورٹی اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 400 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور اسے تین سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد نہ صرف مسافروں کے لیے سفر زیادہ محفوظ اور آرام دہ ہوگا بلکہ مال برداری کے نظام میں بھی بہتری متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں سے بہتر طور پر جوڑنے میں مدد ملے گی، جس سے علاقائی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے کی توقع ہے۔