کراچی: شہر اس وقت شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور شہریوں کو سردی کی واضح شدت کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کا احساس مزید بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں فرق دیکھا گیا۔ جناح ٹرمینل پر سب سے کم درجہ حرارت 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلستان جوہر میں 10.5، شارع فیصل میں 11.5، بن قاسم میں 11 اور ماڑی پور میں 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سردی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً رات اور صبح کے اوقات میں گرم لباس کا استعمال کریں۔