اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق معاملہ طے پا چکا ہے اور جمعرات تک محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ایک وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، جس دوران اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے طریقۂ کار پر تفصیلی غور کیا گیا اور تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا۔ ان کے مطابق اسپیکر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد یہ معاملہ واضح ہو چکا ہے اور اب نوٹیفکیشن جاری ہونے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے دو ارکان بھی موجود تھے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن بینچز پر نہیں بیٹھی، اس لیے انہیں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے عمل میں کوئی حق حاصل نہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کے ارکان نے خود یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کوئی دستاویز جمع نہیں کرائیں گے۔