خیبرپختونخوا حکومت نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر نمایاں سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف شہریوں کو منفرد سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ صوبائی خزانے کے لیے آمدن میں اضافہ بھی کرنا ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مبنی فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی، جہاں گاڑی مالکان اپنی پسندیدہ شخصیات کے نام والی نمبر پلیٹس کے لیے بولی میں حصہ لے سکیں گے۔
فخر جہاں کے مطابق نیلامی میں شامل فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے کیا جائے گا، جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والے امیدوار کو اپنی منتخب کردہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ الاٹ کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، مختلف علاقوں اور اقوام کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹس بھی مستقبل میں نیلامی کا حصہ بنائی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو مزید انتخاب کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام میں گاڑی مالکان کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے اور توقع ہے کہ اس نیلامی سے قومی خزانے کو خاطر خواہ مالی فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مطابق یونیک اور فینسی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے شہریوں نے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی سے متعلق باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نیلامی میں شرکت کے خواہشمند شہری دستک ایپ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔