بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک مؤثر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگرد مارے گئے، جو سکیورٹی فورسز اور عوام کے خلاف دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں کامیاب اور بروقت کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔