وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے سے متعلق جاری مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں ڈیڈ لائن ختم ہونے میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لازمی طور پر نصب کروائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 15 جنوری تک مہلت دی گئی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد بھر میں قائم 16 مراکز پر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 965 گاڑیوں پر ایم ٹیگ نصب کیے گئے ہیں، جس سے شہریوں کی جانب سے اس مہم میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے واضح کیا ہے کہ ایم ٹیگ سے متعلق دی گئی مہلت کل 15 جنوری کو مکمل طور پر ختم ہو جائے گی، جس کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے 12 اہم انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے جدید ریڈرز نصب کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا لیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے محفوظ رہا جا سکے۔