قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے اسپیکر آفس کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
اسکروٹنی مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سمری تیار کر کے اسپیکر آفس کو ارسال کر دی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز امیدوار کے کاغذات کی جانچ کی تھی، جبکہ محمود خان اچکزئی اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے واحد امیدوار ہیں۔
دریں اثنا وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن جمعے( آج) کے روز جاری کر دیا جائے گا۔
ادھر تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا نوٹیفکیشن ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم قائمہ کمیٹیوں میں واپسی اور آئندہ حکمت عملی کے تعین کے لیے بانی تحریک انصاف سے مشاورت ضروری ہے۔