صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ جاتی امراء میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اہم سیاسی، سماجی اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
جنید صفدر اور شانزے علی روحیل کے ولیمے کی تقریب جاتی امراء فارمز پر منعقد کی گئی، جہاں تقریباً 800 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی طور پر دعوتِ ولیمہ میں شرکت کی، جبکہ نواز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
تقریب میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، سینئر سیاستدان شیخ روحیل اصغر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف، صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر، صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مہمانوں کی تواضع کے لیے مختلف اقسام کے کھانے پیش کیے گئے، جن میں سوپ، چکن ٹیمپورا، دیسی مرغ، امرتسری مٹن پلاؤ، مچھلی اور دیسی گھی سے تیار کیا گیا گاجر کا حلوہ شامل تھا، جس سے تقریب کو روایتی اور پرتکلف انداز دیا گیا۔