محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت ملک کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں سرد موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد رہے گا اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے بیشتر علاقوں میں بھی دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آج سے 23 جنوری تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔