ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت کے حوالے سے صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے، تاہم ایک کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ 21 جنوری کو سامنے آنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کی شرکت یا عدم شرکت سے متعلق مشاورت کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے کے معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ بدستور اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اب تک کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ معاملہ بدستور زیر غور ہے اور مختلف آپشنز پر مشاورت جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈھاکا میں آئی سی سی کے وفد سے ہونے والی ملاقات کے دوران بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں میچز کھیلنے کے بجائے مقابلوں کو کسی متبادل مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم آئی سی سی نے بی سی بی کو واضح طور پر ڈیڈ لائن سے آگاہ کر دیا ہے، جبکہ بنگلادیش کی گروپ تبدیلی کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔
بنگلادیش نے گروپ بی میں شامل آئرلینڈ کے ساتھ گروپ تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن آئی سی سی نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اب بنگلادیش کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ 21 جنوری کو متوقع ہے۔
بی سی بی کے صدر نجم الحسن کا کہنا ہے کہ اگر بنگلادیش ورلڈ کپ میں شرکت نہ بھی کرے تو بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو کسی قسم کے مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، کیونکہ اس حوالے سے مالی معاملات پہلے ہی طے کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کو سیکیورٹی سے متعلق مکمل یقین دہانی کرائی ہے اور اب بی سی بی کے حتمی جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اگر بنگلادیش ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کرتا ہے تو آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر کسی دوسری ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے اسکاٹ لینڈ کو متبادل ٹیم کے طور پر زیر غور رکھا گیا ہے۔