مقابلے کے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2025 کے حتمی نتائج آئندہ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ایس ایس 2025 کے نتائج کے اجرا کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ کمیشن کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں کہ نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جا سکیں اور امیدواروں کو مزید انتظار نہ کرنا پڑے۔
ایف پی ایس سی حکام کے مطابق سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحان، طبی معائنے اور نفسیاتی جائزے سمیت تمام ضروری مراحل کامیابی سے مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ امیدواروں کے انٹرویوز آئندہ چند دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ کی تیاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس 2025 میں مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جو ممکنہ طور پر اڑھائی فیصد کے قریب ہو سکتا ہے، جس سے ایک بار پھر اس امتحان کے سخت معیار اور مسابقتی نوعیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحانات میں ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی تھی، تاہم ان میں سے صرف 2.77 فیصد امیدوار ہی تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کر سکے تھے۔ تحریری امتحان کے نتائج 22 اگست 2025 کو جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویوز اور دیگر مراحل کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
امیدوار حتمی نتائج کے اعلان کے منتظر ہیں، کیونکہ نتائج کے بعد مختلف گروپس اور سروسز میں تقرری کا عمل شروع ہو گا۔ سی ایس ایس امتحان کو پاکستان کے مشکل ترین اور معتبر ترین مقابلے کے امتحانات میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں کامیابی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ سرکاری عہدوں تک رسائی کا ذریعہ بنتی ہے۔