اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں پیر کی دوپہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، جبکہ کئی علاقوں میں کچھ دیر کے لیے تشویش کی کیفیت رہی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد اور اس کے اطراف میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کا مرکز کشمیر کے شمال مغربی حصے میں واقع تھا اور اس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے نہ صرف وفاقی دارالحکومت بلکہ دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن میں ہنزہ بھی شامل ہے، جہاں لوگوں نے لرزش محسوس ہونے کی اطلاع دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔