دوحہ میں جاری ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے ٹریپ ایونٹ میں پاکستان کے شوٹر کرنل فرخ ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے نیا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا، جو پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے شوٹ گن کے شعبے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، جبکہ اس کامیابی کے ذریعے پاکستانی شوٹر نے عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا ہے۔
پاکستانی شوٹر کرنل فرخ ندیم نے ایشین شاٹ گن مقابلوں میں انفرادی ٹریپ ایونٹ کے دوران غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے نئے عالمی ریکارڈ کی بنیاد بھی رکھ دی۔
تفصیلات کے مطابق کرنل فرخ ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 125 میں سے 119 ٹارگٹس ہٹ کیے، جبکہ فائنل راؤنڈ میں انہوں نے 30 میں سے 27 پوائنٹس حاصل کر کے اپنی برتری ثابت کی۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے مطابق ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، اسی وجہ سے کرنل فرخ ندیم کی یہ کارکردگی باضابطہ طور پر نیا ورلڈ ریکارڈ تصور کی جائے گی، جو پاکستان شوٹنگ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔