محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور 23 جنوری کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز بارش اور شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادیٔ نیلم، باغ، پونچھ، حویلی اور راولاکوٹ میں سڑکوں کی بندش، پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارش اور شدید برفباری کے نتیجے میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ اس دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جمعرات کے روز خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر درمیانی سے شدید بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔
اسی دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور شمالی و شمال مشرقی بلوچستان کے چند علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بھی بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 88 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں کرور (لیہ) میں 10، بھکر میں 9 اور ڈی جی خان میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ بلوچستان میں ژوب میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سندھ میں جیکب آباد اور سکھر میں 10، 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس دوران پاراچنار، کوئٹہ اور قلات میں دو انچ تک برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 11، گوپس، اسکردو، بگروٹ اور پاراچنار منفی 5، کالام منفی 4 اور مالم جبہ منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور جاری موسمی الرٹس پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔