وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں محکمہ خوراک کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں کے کنٹرول اور صارفین کے تحفظ کے لیے ایک نیا محکمہ قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے قیام کی باضابطہ منظوری دی ہے، جسے صوبے بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔ اس نئے نظام کے تحت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
حکام کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو بھی کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے کا پابند بنایا جائے گا، تاکہ خوراک کے معیار، قیمتوں اور دستیابی کے معاملات کو ایک مربوط نظام کے ذریعے منظم کیا جا سکے۔ نئے محکمہ کے قیام سے سرکاری سطح پر کروڑوں روپے کے اخراجات میں بچت متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں مجموعی طور پر 974 آسامیاں رکھی جائیں گی، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف کموڈیٹی مینجمنٹ میں 625 آسامیاں شامل ہوں گی، جس سے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔